نعت شریف

سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی ﷺ**سب سے بالا و والا ہمارا نبی ﷺ

اپنے مولیٰ کا پیارا ہمارا نبی ﷺ دونوں عالم کا دولھا ہمارا نبی ﷺ

بزمِ آخر کا شمع فروزاں ہوا**نورِ اوّل کا جلوہ ہمارا نبی ﷺ

جس کو شایاں ہے عرشِ خُدا پر جلوس**ہے وہ سلطانِ والا ہمارا نبی ﷺ

بجھ گئیں جس کے آگے سبھی مشعلیں* *شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبی ﷺ

جس کے تلووں کا دھووَن ہے آبِ حیات**ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی ﷺ

عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیا**سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبی ﷺ

خَلق سے اولیا، اولیا سے رُسُل**اور رسولوں سے اعلیٰ ہمارا نبی ﷺ

حُسن کھاتا ہے جس کے نمک کی قسم* *وہ ملیحِ دل آرا ہمارا نبی ﷺ

ذکر سب پھیکے جب تک نہ مذکور ہو**نمکیں حُسن والا ہمارا نبی ﷺ

جس کی دو بوند ہیں کوثر و سلسبیل**ہے وہ رحمت کا دریا ہمارا نبی ﷺ

جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی**اِن کا، اُن کا، تمھارا، ہمارا نبی ﷺ

قرنوں بدلی رسولوں کی ہوتی رہی**چاند بدلی کا نکلا ہمارا نبی ﷺ

کون دیتا ہے دینے کو منھ چاہیے**دینے والا ہے سچا ہمارا نبی ﷺ

کیا خبر کتنے تارے کھِلے چھپ گئے**پر نہ ڈوبے نہ ڈوبا ہمارا نبیﷺ

ملکِ کونین میں انبیا تاجْدار**تاجْداروں کا آقا ہمارا نبی ﷺ

لا مکاں تک اجالا ہے جس کا وہ ہے**ہر مکاں کا اُجالا ہمارا نبی ﷺ

سارے اچھوں میں اچھا سمجھیے جسے**ہے اُس اچھے سے اچھا ہمارا نبی ﷺ

سارے اونچوں میں اونچا سمجھیے جسے**ہے اُس اونچے سے اونچا ہمارا نبی ﷺ

انبیا سے کروں عرض کیوں مالکو!**کیا نبی ہے تمھارا ہمارا نبی ﷺ

جس نے ٹکڑے کیے ہیں قمر کے وہ ہے**نورِ وحدت کا ٹکڑا ہمارا نبی ﷺ

سب چمک والے اجلوں میں چمکا کیے* *اندھے شیشوں میں چمکا ہمارا نبی ﷺ

جس نے مردہ دلوں کو دی عمرِ ابد**ہے وہ جانِ مسیحا ہمارا نبی ﷺ

غمزدوں کو رؔضا مژدہ دیجے کہ ہے**بے کَسوں کا سہارا ہمارا نبی ﷺ